قومی ائیر لائن کی نجکاری کیلئے بلائے گئے پرائیویٹائزیشن کمیشن کے اجلاس میں پی آئی اے کا بزنس پلان پیش نہیں کیا جاسکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ائیر لائن کی نجکاری کیلئے پرائیویٹائزیشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس کے دوران پی آئی اے کی کارکردگی، فلائٹ آپریشنز اور تکنیکی صورتحال پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔
حال ہی میں ایندھن کے معاملے پر پی ایس او کے ساتھ پیشرفت مایوس کن رہی۔ نجکاری کمیشن نے قومی ائیر لائن کی انتظامیہ سے بزنس پلان طلب کیا تھا جو اجلاس کے دوران پیش نہیں کیا جاسکا۔
عوام سستی سواری سے محروم، الیکٹرک بس کا کرایہ 2 گنا کردیا گیا
اجلاس کے دوران پی آئی اے انتظامیہ تبدیلی پر تیار نظر آئی۔ بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ قومی ائیر لائن کے فنانشل آفیسر اور شعبہ انجینئرنگ کے علاوہ انتظامی افسران بھی تبدیل کیے جائیں گے۔
دعویٰ کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں شعبہ انجینئرنگ اور فنانشل آفیسر جبکہ دوسرے مرحلے میں ڈائریکٹر سطح کے افسران کی تبدیلی کا امکان ہے۔ اجلاس کے دوران پی آئی اے کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے دوران جکارتہ میں قومی ائیر لائن کے 2 سال سے گراؤنڈ طیاروں کی واپسی نہ ہونے پر بھی گفتگو ہوئی۔ واضح رہے کہ پی ایس او کو ادائیگی نہ ہونے اور ایندھن کی عدم فراہمی پر پی آئی اے کی سیکڑوں پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں۔