طوفان اقصٰی و سندھ امن مارچ کی سیکورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے جمعیت علماء اسلام کے وفد نے قائمقام ڈی آئی جی ایسٹ زون احمد نواز چیمہ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں SSP ایسٹ، SSP ملیر، SSP کورنگی اور SSP ٹریفک بھی موجود تھے۔ جےیوآئی وفد میں مولانا عبد الکریم عابد، قاری محمد عثمان، سید حماد اللہ شاہ، مولانا محمد غیاث، مولانا احسان اللہ ٹکروی، مفتی محمد خالد، جمال خان کاکڑ، مولانا ملک عنایت اللہ، قاری عبد الرزاق قمر شامل تھے۔
تفصیلی ملاقات میں 2 نومبر کو شاہراہ قائدین پر منعقد ہونے والے طوفان اقصی و سندھ امن مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں ہر پہلو پر غور و خوض کیا گیا۔ پولیس، انتظامیہ اور جے یو آئی کے رہنماؤں نے اپنے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔
جےیوآئی کی طرف سے قاری محمد عثمان نے واضح کیا کہ طوفان اقصی سندھ امن مارچ 2 نومبر کو ہرصورت شاہراہ قائدین پر ہی ہوگا۔ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اہم خطاب کریں گے جبکہ فلسطینی نمائندے غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور اسرائیلی جارحیت سے کراچی کے شہریوں کو آگاہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کی روشنی میں فول پروف سیکورٹی دینا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی سے ملاقاتوں کے بعد آج کا مشترکہ اجلاس فائنل اور آخری ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ سیکورٹی پلان میں 2 نومبر کو ٹریفک کے متبادل انتظامات کیلئے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں جےیوآئی ضلع ملیر کے امیر مولانا احسان اللہ ٹکروی، ضلع کورنگی سے قاری عبدالرزاق قمر اور ضلع شرقی سے جمال خان کاکڑ کو متعلقہ ایس ایس پیز کے ساتھ طوفان اقصی مارچ کے انتظامات جبکہ مولانا محمد غیاث اور فاروق سید کو ایسٹ زون کے ڈی آئی جی کے ساتھ طوفان اقصٰی سندھ امن مارچ کے انتظامات کی ذمہ داری دی گئی۔
قائمقام ڈی آئی جی ایسٹ زون احمد نواز چیمہ نے کہاکہ پولیس اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور فرائض منصبی کی روشنی میں ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے موقع پر موجود تمام ایس ایس پیز کو پابند کیا کہ وہ جمعیت علماء اسلام کے مقرر کردہ ذمہ داران سے مل کر 2 نومبر کے مارچ کے انتظامات اور روڈ میپ کو آخری شکل دیں، اس حوالے سے کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔