اسلام آباد: افغان پناہ گزینوں کی چارٹرڈ طیاروں سے پاکستان سے برطانیہ روانگی کا آغاز کیا جائے گا جس کیلئے 12 چارٹرڈ پروازیں اڑان بھرنے کیلئے تیار ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں افغان پناہ گزینوں کی آبادکاری کیلئے چارٹرڈ پروازوں پر روانگی کا آغاز کل سے ہوگا۔ پناہ گزینوں کو 12 چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے پاکستان سے روانہ کردیا جائے گا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 2 ہزار پناہ گزین چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے برطانیہ روانہ ہوں گے۔ چارٹرڈ پروازوں کا آپریشن دسمبر تک جاری رہے گا۔ ہفتہ وار 1 پرواز برطانیہ روانہ کی جائے گی۔
کل جمعرات کے روز افغان پناہ گزینوں کو پاکستان سے لے کر جانے والی پہلی پروازپر 200 افغان پناہ گزین سوار ہوں گے۔ اسلام آباد ائیرپورٹ پر افغان شہریوں کی روانگی کیلئے خصوصی انتظامات جاری ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل افغان نائب وزیر اعظم مولوی عبدالسلام حنفی نے مطالبہ کیا کہ پاکستان افغان مہاجرین کی ملک بدری کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
نائب وزیر اعظم افغانستان مولوی عبدالسلام حنفی افغانستان میں پاکستانی سفیر عبید الرحمن نظامانی سے گفتگو کر رہے تھے، جنہوں نے ان کے آفس میں ان سے ملاقات کی۔
ایوان صدر افغانستان سے 6روز قبل جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران مولوی عبدالسلام حنفی نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان دو ہمسایہ اور مسلم ممالک ہیں، ان کے درمیان اچھے تعلقات دونوں ممالک کے مفاد میں ہیں۔