کراچی: سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں تاخیر کا مطلب الیکشن سے انکار ہے جبکہ میرا مطالبہ ہے کہ الیکشن فوری ہونے چاہئیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی فوری انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے، الیکشن کمیشن شیڈول اور تاریخ دے کر اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری پوری کرے۔
ایک شخص کی واپسی کیلئے ملک میں جمہوریت اور الیکشن کو روکا گیا۔بلاول
بیان میں سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عام انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کا مطلب الیکشن سے انکار ہے۔ اس سے پہلے کہ کوئی اور ادارہ انتخابات کا حکم دے، الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کی تاریخ دینا ہوگی۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں آمریت کا دروازہ بند ہوچکا ہے تاہم ایک نئی طرز کی آمریت شروع ہوگئی۔ ہمیں یقین ہے کہ عام انتخابات ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک شخص کی واپسی کیلئے ملک میں جمہوریت اور الیکشن کو روکا گیا۔
آج سے 5 روز قبل اپنے ایک بیان میں سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کے پاکستان کیلئے ہمیں ایک نئی سوچ اور نئی سیاست کی ضرورت ہے۔ نئے دور میں شامل ہونے کیلئے نئی قیادت ضروری ہے۔