اسلام آباد: خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عمران خان کی بیٹوں سے واٹس ایپ کے ذریعے گفتگو کرانے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی بیٹوں سے ٹیلیفونک گفتگو کرانے کی درخواست کی سماعت آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیراز رانجھا خصوصی عدالت میں پیش ہوئے۔
سانحہ کارساز کو 16 برس مکمل، پیپلز پارٹی کا شہداء کیلئے خراجِ تحسین
خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے تاحال ٹیلیفونک گفتگو پر ایس او پیز پیش نہیں کیں۔ ایس او پیز آجائیں، پھر دیکھتے ہیں۔
وکیل شیراز رانجھا نے کہا کہ ایس او پیز نہیں آئیں تو میں عدالت کی معاونت کیلئے تیار ہوں۔ ہماری استدعا ہے کہ عمران خان کو جیل میں ورزش کیلئے سائیکل مہیا کی جائے۔ فاضل جج نے ریمارکس دئیے کہ اس کی ہدایات پہلے ہی جاری کردی ہیں۔
جج کا کہنا تھا کہ ”میری خواہش ہے کہ سائیکل کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہئے، یہ نہ ہو کہ سائیکل جیل سپرنٹنڈنٹ چلائے۔ جیل مینوئل کو بھی دیکھنا ہوگا۔ ہمارے لیے زیر سماعت ملزم کی حفاظت مقدم ہے“ جس پر وکیل نے ایک بندہ مقرر کرنے کی سفارش کی۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ عمران خان کھانا گھر سے منگوانا چاہتے ہیں، اس کی ذمہ داری کون لے گا؟ جیل میں تیار کھانے کی ذمہ داری جیل حکام لیتے ہیں۔ سائیکل والے معاملے پر حکم دے دیتے ہیں، معاملہ حل ہوجائے گا۔
عمران خان کی درخواست منظور کر لی گئی۔ آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے عمران خان کی بیٹوں سے واٹس ایپ کے ذریعے گفتگو کرانے کا حکم دیتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو گفتگو کرانے کی ہدایت کی۔