پاکستان میں خواتین کی صحت کیلئے سرگرم وکیل لاریب عابد کو بل گیٹس فاؤنڈیشن نے “گول کیپر” کے طور پر منتخب کرلیا۔
لاریب عابد کی یہ تقرری خواتین کی صحت اور بہبود کو بہتر بنانے کے لیے ان کے شاندار عزم اور انتھک کوششوں کو تسلیم کرتی ہے۔
انہوں نے خواتین کی صحت کو فروغ دینے، معاشرتی اصولوں کو چیلنج کرنے کے حوالے سے پاکستان میں خواتین کے لیے معیاری صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم تک رسائی کے لیے مسلسل ایک غیر متزلزل جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔
لاریب عابد کو انہی خدمات کے نتیجے میں بل گیٹس فاؤنڈیشن میں پہچان ملی جو کہ ایک انسان دوست تنظیم ہے جو صحت کی دیکھ بھال کو آگے بڑھانے اورغربت کے خاتمے کے عزم کیلئے جانی جاتی ہے۔
اس تقرری پر لاریب عابد نے کہا کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن میں بطور گول کیپر منتخب ہونا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، یہ لاتعداد افراد اور تنظیموں کی اجتماعی کوششوں کا ثبوت ہے جو پاکستان میں خواتین کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
بل گیٹس فاؤنڈیشن کے “گول کیپرز” وہ افراد ہیں جو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول میں ان کی شاندار شراکت کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔