راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شہید میجر رضا علی اور حوالدار نثار احمد شہید کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میجر رضا علی اور حوالدار نثار احمد دہشت گردوں کے خلاف بے جگری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے دونوں جوانوں کی نمازِ جنازہ فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔
پاک فوج کے خفیہ آپریشن میں 5 دہشتگرد ہلاک، میجر، حوالدار شہید
پاک فوج کے میجر رضا علی اور حوالدار نثار احمد کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 8 اور 9 اکتوبر کی درمیانی شب دونوں جوانوں نے دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں جامِ شہادت نوش کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاک فوج نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں میجر رضا علی اور حوالدار نثار احمد شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں کارروائی کی، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔