ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ کی ہدایت پر ہنڈی حوالہ اور کرنسی کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ 6 ہفتوں کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 172 چھاپہ مار کاروائیاں کی گئیں، 170 مقدمات درج کر کے 239 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔26 انکوئریوں کی تفتیش بھی مکمل کی گئی۔
گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران کے پی زون نے 101، لاہور زون نے 15، گجرانوالہ زون نے 24، فیصل آباد زون نے 21، ملتان زون نے 19 ملزمان کو گرفتار کیا۔
چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 66 کروڑ 16 روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔ برآمد کی گئی کرنسی میں 278,714 امریکی ڈالر، 12 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی شامل ہے۔
برآمد کی گئی کرنسی میں 45 کروڑ 68 لاکھ پاکستانی روپے بھی شامل ہے، ملک گیر چھاپوں کے دوران متعدد پلازوں اور دکانوں کو بھی سیل کیا گیا۔
ملزمان کی گرفتاری کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل کی گئی۔ گرفتار ملزمان بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے۔
چھاپوں کے دوران ملزمان سے ہنڈی حوالہ سے متعلق متعدد رسیدیں اور موبائل فونز بھی برآمد کئے گئے۔ ایف آئی اے کے متعلقہ سرکلز میں ڈپٹی ڈائریکٹرز کی زیر نگرانی خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
چھاپہ مار ٹیمیں خفیہ اطلاع پر غیر قانونی کرنسی کی خریدوفروخت میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف کاروائیاں کر رہی ہیں، غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔
ہنڈی حوالہ میں ملوث ڈیلروں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ ہنڈی حوالہ میں ملوث ملزمان کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا چکا ہے۔
مزید پڑھیں:میانوالی میں مارے گئے ٹی ٹی پی دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ کی خصوصی ہدایات پر ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں میں دیگر اداروں سے بھی معاونت لی جاری ہے۔