نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ انتخابات فوج کی نگرانی میں کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا، نواز شریف کی وطن واپسی پر آئین و قانون کے مطابق سلوک کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن میں نیوز کانفرنس کے دوران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نگران حکومت کسی سیاسی جماعت سے وابستگی نہیں رکھتی۔ الیکشن کمیشن جلد انتخابات کی تاریخ دے گا۔
پاکستان کا 11 لاکھ غیر قانونی مقیم افغانیوں کو بے دخل کرنے کا فیصلہ
نیوز کانفرنس کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف عدالت کی اجازت سے بیرونِ ملک گئے، ان کی واپسی میں بہت سے قانونی پہلو ہیں جس پر وزارتِ قانون سے رائے لی جائے گی۔ حکومت اپنا کام قانونی دائرے میں کررہی ہے۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ 9 مئی کو پلان کے تحت حملہ کیا گیا، یہ معاملہ عدالت میں ہے۔ کسی سیاسی قیادت کے خلاف جانے کا تاثر نہیں دینا چاہتے۔ ملک کو انارکی کی طرف لے جانے سے انتشار کا سامنا کرنا ہوگا۔
وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ میرے لندن کے دورے کو سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہئے۔ کسی سیاسی رہنما سے کوئی ملاقات نہیں کی، میرے پاس غیب کا علم نہیں کہ کس کے ساتھ اور کس کے بغیر الیکشن ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرے آدھے جملے کو پیش کرکے لیڈ اسٹوریز بنائی جاتی ہیں۔ اگر قانون عمران خان کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے تو وہ الیکشن لڑ سکیں گے۔ نگران حکومت کا اس میں کوئی کردار نہیں۔ لوگ سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کو خوشخبریاں ملیں گی۔