اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی تفتیش کے خلاف سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کی متفرق درخواست دائر کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو لیک کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر متفرق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت مرکزی کیس کی پہلے ہی سماعت کر رہی ہے۔
سراج الحق کی مہنگائی کے خلاف اسلام آباد جانے کی دھمکی
سابق خاتونِ اوّل نے متفرق درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 18ستمبر کو ایف آئی اے کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی۔ مرکزی کیس کی سماعت کیلئے 30 اکتوبر کی تاریخ بھی مقرر کی گئی ہے۔
درخواست گزار بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ کیس زیر التوا ہونے کے باوجود وفاقی تحقیقاتی ادارے نے 19ستمبر کو تفتیش کیلئے طلب کیا۔ جب تک کیس زیرِ التوا ہے، عدالت ایف آئی اے کی جانب سے جاری کردہ طلبی کا نوٹس معطل کرنے کے احکامات دے۔
بشریٰ بی بی کا کہنا ہے کہ اگر وفاقی تحقیقاتی ادارہ تفتیش کیلئے اپنی کارروائی جاری رکھتا ہے تو اس سے میرے حقوق متاثر ہوں گے۔ عدالت ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کا نوٹس معطل کرے۔