لاہور: پاکستان کے مختلف شہروں میں سکھ کمیونٹی کے افراد نے کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔
لاہور میں پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا جس میں سکھ کمیونٹی کے ارکان شریک ہوئے۔
لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرے کی قیادت سکھ کمیونٹی کے سابق پارلیمنٹیرینز رمیش سنگھ اروڑا اور مہندر پال سنگھ نے کی۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی کی بڑھتی قیمتیں، دولت مند پاکستانی کیسے شمسی توانائی کی طرف راغب ہو رہے ہیں؟
مظاہرین نے انڈیا کے خلاف نعرے لگائے اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سکھ کمیونٹی کے لیے بین الاقوامی فورمز پر آواز اٹھائے۔
مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر انڈین حکومت اور انڈین خفیہ ایجنسی ’را‘ کے خلاف نعرے درج تھے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہندر پال سنگھ کا کہنا تھا کہ ہم کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے براہ راست انڈیا کا نام لیا اور ان کے سفارتی اہلکار کو ملک بدر کیا۔
اس سے سکھ کمیونٹی کو حوصلہ ملا ہے اور ہم پاکستان کی حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سکھ کمیونٹی کے حق میں آواز بلند کرے۔
دوسری طرف پشاور میں بھی کینیڈا میں مبینہ طور پر انڈین ایجنسی ’را‘ کے ہاتھوں قتل ہونے والے ہردیپ سنگھ کے حق میں احتجاج کیا گیا۔
احتجاج میں سکھ برداری سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ مظاہرین نے انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف بھی نعرے لگائے۔
مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ ہردیپ سنگھ کے قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے۔