پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا آفیشل فیس بک پیج ہیک کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے افیشل فیس بک پیج کو 10 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین فالو کرتے ہیں جسے فلپائن سے بیٹھ کر ہیک کیا گیا ہے، جس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔
بائیکیا ایپ کو ہیک کر لیا گیا، غیر اخلاقی پیغامات موصول
پاکستانی سیاستدانوں کے کمپیوٹرز ہیک، لندن بھارتی ہیکرز کا گڑھ
ترجمان جمعیت علمائے اسلام اسلم غوری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے آفیشل پیج پر 1 ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں، کسی نے فلپائن میں بیٹھ کر یہ عمل انجام دیا، ہم نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے رجوع کر لیا ہے۔
جے یو آئی ترجمان اسلم غوری کا مزید کہنا ہے کہ ہم نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ سے رجوع کیا ہے۔ تاحال مولانا فضل الرحمان کا اکاؤنٹ ہیک کرنے والوں کی جانب سے کوئی مطالبہ سامنے نہیں آیا۔ نہ ہی کوئی نامناسب مواد پوسٹ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل برطانوی دارالحکومت لندن بھارتی ہیکرز کا گڑھ بن گیا، پاکستانی سیاستدانوں اور سفارتکاروں کے کمپیوٹرز بھارتی ایجنسیز کی جانب سے ہیک کرائے جانے کا انکشاف سامنے آگیا۔
بھارتی خفیہ ایجنسیز کی جانب سے گزشتہ برس نومبر کے دوران پاکستانی سیاستدانوں ، سفارتکاروں کے کمپیوٹرز ہیک کروائے جانے کا انکشاف سامنے آیا تھا، خفیہ آلات کے ذریعے سے ان کی گفتگو بھی ریکارڈ کروائی گئی۔