اسلام آباد: عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور نائب چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان اور نائب چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے دو مختلف مقامات پر کی۔ پہلے عمران خان کے خلاف سماعت اٹک جیل میں ہوئی۔
عمران خان 10 مقدمات میں قصوروار قرار
اٹک جیل میں خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے جوڈیشل ریمانڈ کی 14روزہ مدت مکمل ہونے پر عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت کی اور چیئرمین پی ٹی آئی کا 26ستمبر تک ریمانڈ منظور کیا۔
عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی منظوری کے بعد جج ابوالحسنات ذوالقرنین اسلام آباد روانہ ہوئے اور نائب چیئرمین تحریکِ انصاف شاہ محمود قریشی کے خلاف بھی سائفر کیس کی سماعت کی جو جوڈیشل کمپلیکس میں ہوئی۔
شاہ محمود قریشی کو جوڈیشل کمپلیکس میں پیش کیا گیا۔ عدالتی عملے نے سابق وزیرِ خارجہ کو آگاہ کیا کہ آپ کی درخواستِ ضمانت کل سماعت کیلئے مقرر ہے۔ نائب چیئرمین پی ٹی آئی نے سوال کیا کہ کیا مجھے کل جوڈیشل کمپلیکس لایا جائے گا؟
عدالتی عملے نے کہا کہ آپ کو جوڈیشل کمپلیکس نہیں لایا جائے گا۔ جج ابوالحسنات آپ کو آج حاضری لگا کر واپس بھیجیں گے۔ کیس کی سماعت کیلئے آپ کی اگلی تاریخ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ہمراہ رکھی جائے گی۔
بعد ازاں جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی 26ستمبر تک توسیع منظور کی۔ سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے خلاف آئندہ سماعت 26ستمبر کو ہوگی۔