پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار قیدیوں کیلئے جیل میں یوٹیلٹی اسٹور کھل گیا، معاہدے کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن پنجاب کی تمام جیلوں میں یوٹیلٹی اسٹورز قائم کرے گی۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کوٹ لکھپت جیل کے دورے کے دوران قیدیوں کیلئے یوٹیلٹی اسٹور کا افتتاح کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
منکی پاکس میں مبتلا 4مریض اسپتال منتقلی کے دوران فرار
یوٹیلٹی اسٹور کے قیام سے جیل کنٹین کے دہائیوں پرانے استحصالی نظام کا خاتمہ ہوگا۔ اسٹور سے قیدی اور جیل ملازمین معیاری اشیاء سستے داموں خرید سکیں گے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب کی دیگر جیلوں میں 30 روز کے اندر یوٹیلٹی اسٹورز قائم کئے جائیں۔
محسن نقوی قیدیوں سے ملاقات کیلئے آنے والے عزیز و اقارب سے بھی ملے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے احکامات دیے۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب کی جیلوں میں ٹرائل اور سزا مکمل کرنے والے دیگر صوبوں کے قیدیوں کو واپس بھجوانے اور دیگر صوبوں میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کو واپس لانے کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو ضروری ہدایات بھی دیں۔