لاہور: عدالت نے پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیرِ اطلاعات ونشریات فواد چوہدری اور نائب چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت خارج کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری کے خلاف ماڈل ٹاؤن میں ن لیگ کا آفس جلانے کے کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں ہوئی تاہم اس موقعے پر مدعا علیہ فواد چوہدری عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔
سائفر گمشدگی، شاہ محمود قریشی کا مزید 2 روزہ ریمانڈ منظور
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے عدم پیشی کے باعث فواد چوہدری کی عبوری ضمانت خارج کردی جبکہ شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت 9 مئی واقعے کے 6 مقدمات میں خارج کی گئی۔
فواد چوہدری کے خلاف کلمہ چوک میں کنٹینر اور ماڈل ٹاؤن میں ن لیگ کے آفس کو جلانے کا مقدمہ درج ہے۔ عدالت نے دیگر کیسز میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت بھی خارج کی جن میں جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور حملے سمیت 6 مقدمات شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کا مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ان کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کردیا۔
جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے گزشتہ ماہ کے اواخر میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم کی گئی خصوصی عدالت میں سائفر کیس کی اِن کیمرہ سماعت کی۔