اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اسمگلنگ میں ملوث حکام کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے اسمگلنگ روکنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اجلاس کی صدارت کی جس میں متعلقہ حکام نے سرحدی علاقوں میں اسمگلنگ کی روک تھام کے معاملات پر بریفنگ دی۔
الیکشن کمیشن، حلقہ بندیاں 30 نومبر تک مکمل کرنے کا اعلان
بریفنگ میں نگران وزیر اعظم کو آگہی دی گئی کہ بلوچستان میں اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے 10 اضافی جوائنٹ چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انتھک محنت کر رہے ہیں، اسمگلنگ 40فیصد تک کم ہوگئی۔
نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے زرعی اجناس، یوریا، پیٹرولیم مصنوعات اور چینی کی اسمگلنگ روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں اسمگلنگ میں ملوث سرکاری افسران کی انٹر ایجنسی رپورٹ بنا کر کارروائی کی جائے۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ سے محصولات میں کمی اور زرِ مبادلہ پر شدید دباؤ رہتا ہے۔ معیشت کو اسمگلنگ کے باعث اربوں کے خسارے سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔
خیال رہے کہ ہر سال اسمگلنگ کے باعث ملکی مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوتا ہے۔ نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اسمگلنگ کو ملک سے ختم کرنا ناگزیر ہے۔ اس کی روک تھام کیلئے خود ہفتہ وار اجلاس میں جائزہ لیں گے۔