اسلام آباد: سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی پنجاب میں 14مئی کو انتخابات کرانے کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست خارج کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی نظر ثانی کی درخواست کی سماعت سپریم کورٹ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس منیب اختر نے کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ جہاں آئین کی خلاف ورزی دیکھے گی، مداخلت کرے گی۔
پشاور میں تاجروں کی بجلی بلوں کیخلاف شٹرڈاؤن ہڑتال، متعدد بازار بند
چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی نظرِ ثانی درخواست منظور نہیں کرسکتے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل سجیل سواتی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا پنجاب انتخابات کے متعلق فیصلہ ہمیں 2 ہفتے قبل ملا ہے۔
وکیل سجیل سواتی نے کہا کہ ہماری سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کچھ دستاویزات جمع کرانے کی خواہش ہے۔ سپریم کورٹ اگلے 9ہفتے کا وقت دے تاکہ دلائل کی تیاری ہوجائے۔ جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ جو فیصلہ آیا، وہ کیس تو ختم ہوچکا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اپنا جواب ابھی عدالت میں ہمارے ساتھ پڑھیں۔ وکیل سجیل سواتی نے کہا کہ سیکش 57 اور 58 میں ترامیم کے بعد الیکشن کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔ جسٹس منیب اختر نے کہا کہ وکیل صاحب، یہ نظر ثانی ہے۔ ذہن میں رکھیں۔