لاہور: نائب چیئرمین تحریکِ انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جیل میں عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، وکلا کو چیئرمین پی ٹی آئی تک رسائی نہیں دی جارہی۔
تفصیلات کے مطابق نائب چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی زیرِ صدارت پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ہوا جس کے بعد جاری کردہ بیان میں سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے۔
ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی نے جے یو آئی کی نشست چھین لی
اجلاس میں پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت شریک ہوئی۔ سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کو عمران خان کی گرفتاری کا فوری نوٹس لینا ہوگا۔ کور کمیٹی اراکین نے چیئرمین پی ٹی آئی سے روا رکھے گئے سلوک پر تشویش ظاہر کی ہے۔
سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سب کو حیرت اس بات پر تھی کہ گرفتاری کا آرڈر اسلام آباد پولیس کے پاس تھا جبکہ عمران خان کو گرفتار کرنے والی پنجاب پولیس تھی۔ آرڈر تھا کہ عمران خان کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے لیکن ان کو اٹک جیل لے جایا گیا۔
نائب چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اٹک جیل میں بی کلاس کی سہولت نہیں۔ ہمیں پتہ چلا کہ ملک کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو 9 بائی 11 کے سیل میں رہنے پر مجبور کیا گیا ہے۔ ان کے وکلا کو رسائی کا حق نہیں دیا گیا۔ وکلا کل بھی کوشش کر رہے تھے۔