اسلام آباد: یورپی یونین سیفٹی ایجنسی نے پاکستان کے متعلق اپنی ائیر لائنز کو نئی ہدایات جاری کی ہیں جن کے تحت ممکنہ خطرات سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورپی یونین سیفٹی ایجنسی (ایزا) نے حال ہی میں اپنی ائیر لائنز کو ہدایت کی کہ لاہور اور کراچی کے اوپر سے پرواز کرتے ہوئے احتیاط برتیں کیونکہ ان شہروں کی فضائی حدود میں خطرات درپیش ہوسکتے ہیں۔
پاکستان کو چین میں چیری برآمد کرنیکی منظوری مل گئی
یورپی یونین سیفٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ طیاروں کو غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہوسکتا ہے۔ یورپی ائیر لائنز کے طیارے کراچی اور لاہور میں پرواز کرتے ہوئے 26000 فٹ سے بلند رہیں۔ تفصیلات ویب سائٹ پر جاری کردی گئیں۔
ایزا کا کہنا ہے کہ کشمیر میں جاری تنازعے کے باعث بھی لاہور کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے احتیاط برتی جائے جبکہ سی اے اے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود میں بنیادی طور پر کسی بھی قسم کے خطرات نہیں۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ ایزا کی ہدایات معمول کے مطابق ہیں جو متناعہ علاقوں کے متعلق جاری کی جاتی ہیں۔ ہماری فضائی حدود میں کمرشل پروازوں کیلئے کسی بھی قسم کا خطرہ نہیں۔
تاہم پاکستان ائیر کرافٹس اونرز آپریٹرز ایسوسی ایشن نے پاکستان کی فضائی حدود کے متعلق یورپی یونین سیفٹی ایجنسی کی ہدایات کو غیر ذمے دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری فضائی حدود تمام طیاروں کیلئے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔