جمعیت علمائے اسلام کے رہنماؤں نے باجوڑ میں جے یو آئی کے کنونشن میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جہاد نہیں کھلا فساد ہے۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جے یو آئی کے کارکنان پر امن رہیں، وفاقی و صوبائی حکومتیں زخمیوں کو بہترین طبی علاج معالجہ فراہم کریں۔
سربراہ جے یو آئی نے دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
باجوڑ میں جے یو آئی کے اجلاس میں دھماکا، 35 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
جمعیت علمائے اسلام کے سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک کے حالات خراب کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام ایک پُرامن جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ پُرامن سیاسی جدوجہد کا راستہ اپنایا، دھماکے میں کارکنوں کی شہادت کی خبر سن کر شدید صدمہ پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکنان ہمارا قیمتی نظریاتی اثاثہ ہیں۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ عبدالغفور حیدری نے انصارالاسلام کے رضاکاروں کو خون دینے کے لیے اسپتال پہنچنے کی ہدایت بھی کی۔
جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ یہ حملہ جہاد نہیں کھلا فساد اور دہشتگردی ہے، ورکرز کنونشن میں مجھے بھی شریک ہونا تھا مگر مصروفیت کے باعث نہ جا سکا، حملے کی ریاستی سطح پر انکوائری ہونی چاہیے۔