سول ایوی ایشن ملازمین نے ملک بھر میں ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے خلاف بڑے احتجاج کا اعلان کرتےہوئے آپریشن بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
سول ایوی ایشن ملازمین کی نمائندہ تنظیم اکائی اورجیکا کی جانب سے جمعرات کو جناح ٹرمینل کے آرائیول لاؤنج میں آؤٹ سورسنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا جس کے بعد ملازمین کی بڑی تعداد ریلی کی شکل میں کراچی ائیرپورٹ کی مرکزی شاہراہ پرجمع ہوئی جس میں خواتین بھی شامل تھیں۔ ملازمین نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر حکومت اورسول ایوی ایشن ایشن انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
یہ بھی پڑھیں:
معاملات طے، پی آئی اے کے اکاونٹس بحال
احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل یونین آف سول ایوی ایشن (اکائی) سمیع اللہ نے کہا کہ ڈی جی سول ایوی نے ادارے کو تباہ کردیا ہے، آؤٹ سورسنگ کے خلاف عدالت سمیت ہر فورم پر قانونی جنگ لڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کی آؤٹ سورسنگ سے کوئی خاص رقم نہیں مل رہی، سول ایوی ایشن نے گزشتہ سال 150 ارب روپے کمائے جبکہ ادارے کا پوٹینشل 500 ارب روپے ہے۔
جیکال کے سینٹرل پریذیڈنٹ عزیزمیمن کا کہنا تھا کہ آؤٹ سورسنگ کے خلاف عدالت سمیت ہر جگہ قانونی جنگ لڑیں گے جبکہ اسلام آباد ائیرپورٹ سے بڑے پیمانے پراحتجاج کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے جس کا دائرہ کراچی اور لاہور تک بڑھایا جائےگا۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ اگرآؤٹ سورسنگ کا عمل نہ روکا گیا تو آپریشن بند کرنے سمیت تمام آپشن استعمال کریں گے۔