آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے بدھ کے روز مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں 10 روپے فی کلو اضافہ کردیا، جس کے بعد فی کلو ایل پی جی کی قیمت 240روپے ہوگئی۔
گھریلو صارفین کے استعمال کردہ چھوٹے سلنڈر کی قیمت 2,830 روپے ہوگی جبکہ تجارتی مقاصد کے لیے ڈیزائن کیے گئے بڑے سلنڈر کی قیمت 10,900 روپے ہوگی۔
دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں ایل جی پی کی قیمت 370 روپے فی کلو تک بڑھ گئی ہے جبکہ گھریلو ایل جی پی سلنڈر کی قیمت 4130 روپے ہے۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سوئی ناردرن گیس کے ٹیرف میں 50 فیصد اور سوئی سدرن گیس کے ٹیرف میں اوسطاً 42 فیصد اضافہ کیا تھا۔
ایل پی جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکر نے افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت اور اوگرا ملک بھر میں ایل پی جی کی غیر قانونی فروخت کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہے۔
مزید پڑھیں:اسٹاک مارکیٹ میں 265پوائنٹس کا اضافہ
اس سے قبل، مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کے فروخت کنندگان نے جمعہ کو ‘مہنگی قیمتوں ‘ پر فروخت کے خلاف ملک گیر ہڑتال کی کال بھی دی تھی۔