کولمبو: پاکستان شاہینز نے ایمرجنگ ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا اے کو 60 رنز سے شکست دیدی۔
اتوار کے روز ہونے والے فائنل میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ انڈیا اے اور بنگلہ دیش اے کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
جمعہ کے روز پی سارا اوول میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 50 اوورز میں 322 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس میں عمیر بن یوسف کے88 اور کپتان محمد حارث کے 52 رنز نمایاں تھے۔
جواب میں سری لنکا اے کی ٹیم 262 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ارشد اقبال نے 37 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان شاہینز کی اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا۔ یہ دونوں بالترتیب22 اور 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
عمیر بن یوسف نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے 79 گیندوں پر 88 رنز اسکور کیے جس میں ایک چھکا اور دس چوکے شامل تھے۔
انہوں نے طیب طاہر کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 61 رنز کا اضافہ کیا۔ طیب طاہر نے26 رنز بنائے۔
کپتان محمد حارث اور مبصرخان کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں بننے والے 73 رنز ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہوئے۔
محمد حارث نے 43 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 52 رنز اسکور کیے ان کی اس اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔
مبصرخان نے دو چھکوں اور دوچوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔محمد وسیم جونیئر نے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے24 رنز کی اننگز کھیلی۔سری لنکا اے کی طرف سے لاہیرو سمارا کون اور چامیکا کرونا رتنے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا اے کی تین وکٹیں 33 رنز پر گرگئی تھیں اس مرحلے پر اوپنر اوشکا فرنینڈو اور ساہن اراچیگے نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 124 رنز کا اضافہ کیا۔اوشکا فرنینڈو 12 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 97 رنز بناکر سفیان مقیم کی گیند پر حارث کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوگئے۔
ساہن اراچیگے بھی صرف تین رنز کی کمی سے لسٹ اے ون ڈے میچوں میں اپنی پہلی سنچری اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے اور بارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 97 رنز بناکر مبصر خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستان شاہینز کی طرف سے ارشد اقبال کی پانچ وکٹوں کے علاوہ مبصر خان اور سفیان مقیم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
مختصر اسکور۔
پاکستان شاہینز۔ 322 رنز آل آؤٹ (50 اوورز) عمیر بن یوسف 88۔ محمد حارث 52۔مبصر خان 42۔
سری لنکا اے 262 رنز۔ (45 اعشاریہ 4 اوورز)۔ ساہن اراچیگے 97۔اوشکا فرنینڈو97۔ساہن اراچیگے۔ ارشد اقبال 37/5 وکٹ۔