وفاقی وزراء نے نگران حکومت کے قیام پر مشاورت کیلئے مولانا فضل الرحمان کے گھر پر ملاقات اور ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزراء نے نگراں سیٹ اپ کے متعلق باضابطہ مشاورت کیلئے مولانا فضل الرحمان کے گھر پر ملاقات کی۔ ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ نگراں سیٹ اپ کیلئے مشاورت کا آغاز ہوگیا۔
عمران خان کی حکومت ہٹائی گئی، یہ حقیقت ہے۔پی ٹی آئی
ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ ریلوے سعد رفیق اور ایاز صادق پر مشتمل وزارتی ٹیم نے نگراں سیٹ اپ کے قیام کے متعلق مشاورت کی ہے۔
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے ن لیگ کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے دوران اسمبلیوں کی تحلیل کے متعلق پی پی پی کی تجاویز پر غور کیا۔ اس دوران نگراں سیٹ اپ کے لیے تمام جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ سامنے آیا۔
دریں اثناء پی پی پی اور ن لیگ 8 اگست کے روز قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر متفق ہیں۔ پی پی نے 8 اگست کو اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز دی جبکہ قانونی ماہرین نے بھی حکومت کو 8 اگست کو ہی تحلیل کا مشورہ دیا۔
قانونی اعتبار سے قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کو رات 12 بجے ختم ہوجائے گی، مدت سے قبل اسملبی تحلیل کرنے پر عام انتخابات کیلئے نگراں سیٹ اپ 90 روز کام کرے گا۔ وزیر اعظم نے اگست کے دوران اقتدارنگراں حکومت کو منتقل کرنے کا عندیہ دیا تھا۔