اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ریاست کی مدعیت میں عمران خان کے خلاف مقدمہ ہونا چاہئے جبکہ یہ مقدمہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت چلائے جانے پر غور جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ریاست کی مدعیت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ خصوصی عدالت میں بھیجا جائے جبکہ عمران خان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے سائفر برآمد کرنا ہوگا۔
ایم کیو ایم کی رعنا انصار سندھ اسمبلی کی پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر منتخب
بیان میں وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو جرم کا حساب دینا ہوگا۔ اعظم خان کے بیان سے ظاہر ہوچکا ہے کہ اصل میر جعفر کون ہے؟ شاہ محمود قریشی عمران خان کے جرم میں برابر کے شریک تھے۔ عمران خان نے سیکرٹ کو پبلک کردیا۔
وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے بہانہ بنایا کہ سائفر ان سے گم ہوگیا ہے جبکہ جس کاپی کے گم ہونے کا دعویٰ کیا گیا، اس پر ایف آئی اے تحقیقات کرے گا۔ عمران خان نے ڈپٹی اسپیکر سے غلط فیصلہ کروایا۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہوئی تھی۔ نہ تختہ الٹا گیا، نہ سازش کی گئی۔ اعظم خان نے واضح کیا ہے کہ جو کچھ ہوا، اس سے بچنا ممکن تھا۔ اعظم خان کے بیان کے مطابق سائفر ذاتی مقاصد کیلئے استعمال ہوا۔