اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی پاکستان آمد کی دعوت قبول کر لی ہے۔ وزیرا عظم نے 1 ارب ڈالر ڈپازٹ کرانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کو فون کیا اور ٹیلیفونک گفتگو کے دوران مشکل وقت میں مدد کرنے پر یو اے ای کی تعریف کی۔
دریائے ستلج میں سیلاب کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب
گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی امداد کے باعث آئی ایم ایف کا اسٹینڈ بائی ایگریمنٹ طے کرنے میں مدد ملی۔ پاکستان کی سیاسی قیادت اور عوام یو اے ای کے جذبۂ خیر سگالی کے مشکور ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یو اے ای کے صدر نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے ہمیں معاشی بحران سے نکلنے میں مدد دی، اس کا شکریہ ادا کرنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں۔ حکومت نے پاکستان میں بامعنی اصلاحات کیں۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ جاتی سطح پر سرمایہ کاری کیلئے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کی تشکیل نے ہماری معیشت کو ٹھوس معاشی روڈ میپ دیا۔ اس موقعے پر یو اے ای کے صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا۔
متحدہ عرب امارات کے صدر نے کہا کہ ہمارے پاکستان سے قریبی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان کی مدد ہماری ذمہ داری تھی۔ شہباز شریف اپنی شاندار قائدانہ صلاحیتوں سے پاکستان میں بڑی تبدیلی لائیں گے۔