اسلام آباد: ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ کے اسلام آباد سرکل نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسلام آباد میں واقع ایک گھر سے 4 افراد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضے سے 6 کروڑ 30 لاکھ کی کرنسی برآمد کرلی۔
سرکل میں درج ایف آئی آرنمبر 2/2023 جو کہ انسپکٹر فہیم مصطفیٰ نے درج کی، ایف آئی آر میں تحریر کیا گیا کہ خفیہ اطلاع پر سیکٹر G/7 کے ایک گھر سے کرپٹو کرنسی اور منی لانڈرنگ کا کام ہوتا ہے۔ جس پر ایک چھاپہ مار ٹیم نے مذکورہ مکان پر ریڈ کر کے چھ افراد کو حراست میں لیا۔
تفتیش کے دوران زیرِحراست افراد نے انکشاف کیا کہ وہ غیر قانونی منی ایکسچینج کرپٹو کرنسی کا کام کرتے ہیں اور اسے دبئی میں مقیم ایک ملزم کے بھائی کو بھجواتے ہیں۔
دبئی سے مذکورہ رقم کرپٹو کرنسی میں تبدیل ہو کر افغانستان بھیج دی جاتی تھی۔ یہ رقم دوبارہ دہشتگرد گروپوں کو پاکستان بھیج دی جاتی تھی جو کہ افغانستان اور پاکستان میں دہشت گردی میں استعمال کرتے تھے۔
ملزمان کے اس انکشاف کے بعد تمام 6 میں 4 افراد کو باضابطہ گرفتار کرلیا گیا جن کی شناخت ذیشان جمروز، سمیع اللہ، محمد عمران، اور محمد اللہ کے ناموں سے ہوئی۔ موقع پر موجود محمد ریاض اور محمد فرقان کو بعد میں سرکل لے جاکر “جانے کی اجازت دے دی گئی”۔ محمد ریاض زیادہ تر دبئی میں رہتا ہے۔