وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری کی لاہور میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں قومی اسمبلی مقررہ وقت پر تحلیل کرنے اور سینئر سیاستدان کو بطور نگراں وزیراعظم لانے پر اتفاق ہوا ہے۔
سابق صدر آصف علی زرداری لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ پہنچنے پر سابق صدر کا استقبال کیا، جس کے بعد دونوں میں اہم ملاقات ہوئی، ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
پارٹی ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری کی ملاقات میں عام انتخابات، نگران سیٹ اپ اور سیاسی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے ہونے والی ملاقات میں اتفاق کیا کہ الیکشن میں کسی صورت تاخیر نہیں ہونی چاہیئے، موجودہ اسمبلی کی آئینی تاریخ 12 اور 13 اگست کی درمیانی رات پر ازخود ختم ہونے پر نگراں سیٹ اپ آجائے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ آئندہ نگران وزیراعظم کسی بیوروکریٹ کے بجائے سینئر سیاستدان کو لیا جائے، پیپلزپارٹی کی تجویز پر وزیر اعظم نے اتحادیوں رہنماؤں کو اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
پی پی رہنماء نے آئی ایم ایف امدادی پیکج کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کے کردار کی بھی تعریف کی، سابق صدر نے کہا کہ تحریک انصاف کی معیشت کے لیے بچھائی گئی بارودی سرنگیں ہم مل کرصاف کر رہے ہیں۔