گلگت: چیف کورٹ گلگت بلتستان نے جعلی ڈگری کیس میں وزیر اعلیٰ جی بی خالد خورشید کو نااہل قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دیا گیا ہے۔ چیف کورٹ نے نااہلی سے متعلق فیصلہ فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر سنایا۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اسلام آباد میں نظربند
جعلی ڈگری کیس کی سماعت چیف کورٹ کے 3 ججز پر مشتمل بینچ نے کی۔ وزیر اعلیٰ خالد خورشید کے خلاف رکن جی بی اسمبلی غلام شہزاد آغا نے جعلی ڈگری کیس دائر کر رکھا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 9 مئی واقعے کے تناظر میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو پناہ دینے کے جرم میں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو اسلام آباد میں نظربند کردیا گیا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو جی بی ہاؤس میں پناہ دے رکھی تھی جس کے بعد 11 مئی کو انہیں نظر بند کردیا گیا اور گلگت بلتستان ہاؤس کے باہر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کردی گئی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان ہاؤس کو سب جیل قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی، ملیکہ بخاری، مسرت چیمہ اور دیگر کو جی بی ہاؤس اسلام آباد سے حراست میں لیا گیا، یہ لوگ جی بی ہاؤس اسلام آباد میں چھپے ہوئے تھے۔