اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے اسٹاف لیول معاہدے کی شرائط کے تحت بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد گیس بھی مہنگی ہونے کا خدشہ ہے اور پیٹرولیم لیوی میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے جبکہ بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافے کی تیاریاں جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس سے قبل بجلی اورگیس کے ریٹ بڑھانے ہوں گے اس لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں تقریباً 4 روپے فی یونٹ تک مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے، جس کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا نے گیس کے ٹیرف میں 50 فیصد تک اضافے کی سمری حکومت کو بھجوا رکھی ہے اور گیس مزید مہنگی کرنے سے متعلق فیصلہ بھی جلد متوقع ہے جب کہ حکومت کے پاس پیٹرول اور ڈیزل پرلیوی میں 10 روپے فی لیٹرتک اضافے کی گنجائش ہے۔
مزید پڑھیں:آئی ایم ایف کا پاکستان سے 3 ارب ڈالر کا اسٹاف لیول معاہدہ کرنے کا اعلان
واضح رہے کہ ملک کے عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، اگر ایسے میں بجلی اور گیس کی قیمتیں مزید بڑھائی جاتی ہیں تو عوام کے منہ سے دو وقت کی روٹی بھی چھن جائے گی۔