لندن: وزیر اعظم شہباز شریف نے حکمراں سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) کے تاحیات پارٹی قائد میاں نواز شریف سے برطانیہ میں ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے لندن میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کا لندن میں علاج ہو رہا ہے اور وہ ٹھیک ہیں۔
نواز شریف کی جلد دبئی روانگی متوقع
ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے پارٹی قائد نواز شریف کو ملک میں جاری سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔ نواز شریف نے وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) اور حکومت کے معاملات پر اعتماد کا اظہار کیا۔
پارٹی قائد سے ملاقات کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف واپسی کیلئے روانہ ہو گئے۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد نواز شریف کی جلد دبئی روانگی متوقع ہے۔
قبل ازیں لندن میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں حسین نواز نے نواز شریف کے جلد دبئی روانہ ہونے کی تصدیق کی۔
نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا کہ نواز شریف 2 ہفتے دبئی میں قیام کرسکتے ہیں، دراصل وہ کچھ وقت فیملی کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔