کراچی: سوتیلے بیٹے نے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن گلشن غازی میں فائرنگ کرکے باپ کو ابدی نیند سلادیا۔
ذرائع کے مطابق اتحاد ٹاؤن تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن گلشن غازی بلاک اے گلشن حبیب مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال لایا گیا جہاں وہ چل بسا۔مقتول کی شناخت 45 سالہ یوسف ولد فضل محمد کے نام سے کی گئی ہے۔
ایس ایچ او اتحاد ٹاؤن امداد علی کے مطابق مقتول یوسف کو اس کے سوتیلے بیٹے زیب اللہ ولد زبیر نے فائرنگ کرکے قتل کیا اور فرار ہوگیا۔
مفرور ملزم کے والد زبیر نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی تھی اور ڈیڑھ سال کے بعد ملزم کی والدہ نے یوسف نامی شہری سے دوسری شادی کر لی تھی۔
ملزم زبیب اللہ اپنی والدہ سے ملاقات کے لیے اس کے گھر آیا تھا اور ملاقات کے بعد ملزم نے گھر سے نکلے کے بعد گلی میں اپنے سوتیلے باپ پر فائرنگ کی اور با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
ملزم زیب اللہ سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر کا رہائشی ہے اوراس کا آبائی تعلق باجوڑسے ہے جس کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں:فیصل آباد کا بھکاری کروڑوں کا مالک نکلا، عدالت میں بینک اسٹیٹمنٹ دکھادی
ایس ایچ او کے مطابق مقتول کے سینے میں گولی لگی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا لیکن جو جانبر نہ ہو سکا۔