پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
پرویز خٹک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 9مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں، کئی دنوں سے ملک میں سیاسی حالات دیکھ رہا تھا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء پرویز خٹک کے ترجمان کا اس سے قبل کہنا تھا کہ پرویز خٹک سے صبح سے رابطہ نہیں ہورہا ہے، جبکہ ان کی گرفتاری کے حوالے سے بھی اطلاعات سامنے آرہی تھیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر امیر بخش بھٹو اور صوبائی نائب صدر سندھ اللہ بخش انڑ نے پارٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی عہدوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔
امیر بخش بھٹو نے اللہ بخش انڑ کے ساتھ لاڑکانہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ سندھ ایکشن کمیٹی اور سی ای سی سمیت بنیادی رکنیت سے مستعفی ہورہا ہوں، اب سیاست کرنے کو دل ہی نہیں چاہتا جو تعلیم ملی اس کے مطابق سیاست نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل کا فیصلہ دوستوں کے ساتھ مل کر کروں گا، 9 مئی کو ہونے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے،ساتھیوں اور ملک کیلئے ہر خدمت اور قربانی دینے کو تیار ہوں۔
مزید پڑھیں:حافظ نعیم کے ہاتھ میں کراچی کا میئر بننے کی لکیر نہیں، سعید غنی
امیر بخش کا کہنا تھا کہ فوج کو کمزور کر کے ہم کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں،شہدا کی یادگاروں کو آگ لگانا افسوسناک ہے،فوج پر حملے دہشتگردی ہیں ہم اس لیے سیاست میں نہیں آئے، جمہوری انداز میں رہتے ہوئے مخالفت کی جا سکتی ہے۔