اسلام آباد: وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے ملکی معیشت ٹھیک کرنے کیلئے قوم سے مزید وقت مانگتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت بٹن آن آف کرکے ٹھیک نہیں ہوسکتی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بجٹ میں پورے ملک کے الیکشن کیلئے 42ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ عوام پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔
اسلامک فنانس سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی، اسحاق ڈار
بیان میں وزیرِ خزانہ نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔ معیشت کو بٹن آن آف کرکے ٹھیک نہیں کیا جاسکتا۔ معیشت ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔
وفاقی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی ہیں۔ 30 جون تک تو آئی ایم ایف پروگرام ویسے ہی ختم ہوجانا ہے۔ اب تو اگلا ریویو ہونا ہی نہیں۔
وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے معیشت کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے نواں ریویو ہی ہوسکے گا۔ میں نے کہا کہ نویں ریویو کے بغیر بجٹ تفصیلات شیئر نہیں کرسکتا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیرِ خزانہ اور سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلامک فنانس سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
اسلام آباد میں 3 روز قبل بین الاقوامی اسلامک بینکنگ کانفرنس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلامک بینکنگ کا نظام بہتر بنارہے ہیں، اسلامک فنانسنگ سے غربت پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔