اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ زمان پارک میں دہشت گرد نہیں ہیں تو عمران خان تلاشی دیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو قانون کے شکنجے میں آنے کا پتہ چل گیا ہوگا۔ عسکری تنصیبات پر منصوبہ بندی سے حملے کیے گئے۔ پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کارکنان کو مشتعل کرتی رہی۔
ہشام انعام نے پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرلی
بیان میں وزیرِ اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عمران خان نے اپنے گناہوں پر پردہ ڈالنے کیلئے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی۔ ان مذمتی ڈراموں سے جان نہیں چھوٹے گی۔ 9 مئی پاکستان کی تاریخ میں سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر زمان پارک میں دہشت گرد چھپے ہوئے نہیں ہیں تو تلاشی دیں۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے تصاویر اور ویڈیوز بنا کر شیئر کی گئیں۔ فرانسیسی ٹی وی نے پی ٹی آئی کے جھوٹ کو بے نقاب کردیا۔
وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے جو کچھ کیا، انہیں گرفتار ہونا چاہئے۔ اسمبلیوں کی مدت میں توسیع کی خبریں غلط ہیں۔ ہم آئینی مدت مکمل کرنے کے بعد ملک میں الیکشن کروائیں گے۔ آڈیو لیکس کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنایا گیا ہے۔