جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آج احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے لیے کراچی پہنچیں گے جبکہ مظاہرہ آج سہ پہر الیکشن کمیشن سندھ کے سامنے ہوگا۔
جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنما کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مولانا فضل الرحمان کا استقبال کریں گے جبکہ جمعیت علمائے اسلام سربراہ طے شدہ پروگرام کے مطابق 3 بجے سہ پہر الیکشن کمیشن دفتر کے سامنے پہنچیں گے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے تمام جے یو آئی کارکنان اور رہنماؤں کو احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے جبکہ حکومت مخالف مظاہرے سے مولانا فضل الرحمان مختصر خطاب کریں گے۔
جمعے کی شب کراچی میں قیام کے بعد ہفتے کو مولانا فضل الرحمان کراچی کے علاقے گرومندر کا دورہ کریں گے جہاں ان کی ملاقات جامعہ بنوریہ کے علمائے کرام اور مفتیان سے ہوگی۔
مولانا فضل الرحمان کراچی میں ہفتے کے روز اہم سیاسی و سماجی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے جن کے دوران حکومت مخالف احتجاج پر حکمتِ عملی کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب غیر منتخب، جعلی اور نا اہل حکمرانوں کو تسلیم کیا جائے گا تو ملک تنزلی کی طرف جائے گا، ایسی صورتحال میں نئے انتخابات ہی واحد راستہ ہے۔
سکھر میں پاکستان پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ کی عیادت کے بعد گزشتہ روز ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ مولانا صاحب آپ کو جو یقین دہانی کرائی گئی تھیں وہ پوری ہوتی دکھائی دے رہی ہیں؟ جواباً مولانا فضل الرحمان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو وہ نظر نہیں آرہی ہیں؟
مزید پڑھیں: جعلی حکمرانوں کو تسلیم کرنے سے ملک تنزلی کی طرف جائے گا، فضل الرحمان