اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 4 کمپنیوں کے کارڈک اسٹنٹس کی زیادہ سے زیادہ قیمت کی منظوری دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس میں 4 کمپنیوں کے کارڈک اسٹنٹس کی زیادہ سے زیادہ قیمتوں کی منظوری دے دی گئی۔
ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی نے پروموس پریمیئر امریکی اسٹنٹ کی قیمت 58 ہزار 765 جبکہ الٹی ماسٹر جاپانی اسٹنٹ کی قیمت 65 ہزار 507 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اطالوی اسٹنٹ کی قیمت 53 ہزار 130 روپے، ڈیسائنو ایکسٹو امریکی استنٹ کی قیمت 72 ہزار 450 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ریکوڈک پراجیکٹ کے تصفیے میں حکومت بلوچستان کے حصے کے طور پر 31 مارچ 2022 سے 30 دسمبر 2022 تک کی مدت کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان کو مختصرمدت کے 65 ارب روپے مالیاتی سہولت پر مارک اپ کی مد میں 6 ارب، 23 کروڑ، 83 لاکھ، 58ہزار، 879 روپے فراہم کرنے کی منظوری دیدی۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) کااجلاس مارچ کے دوران پیر کو وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیرخرم دستگیر خان، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود، وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیر مملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر مملکت مصدق مسعود ملک، شاہد خاقان عباسی، معاون خصوصی طارق محمود پاشا، معاون خصوصی جہانزیب خان، وزیر اعظم کے رابطہ کار بلال اظہر کیانی، رانا احسان افضل، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔