کراچی: سابق وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کا کہنا ہے کہ عمران خان نہ تو الیکشن چاہتے ہیں نہ ہی انہیں کسی سے جان کا خطرہ ہے۔ پی ٹی آئی وہی کر رہی ہے جو ماضی میں متحدہ کیا کرتی تھی۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق رہنما و سابق سینیٹر فیصل واؤڈا نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے دور دور تک الیکشن ہوتے نظر نہیں آتے، عمران خان کی بھی الیکشن کی خواہش نہیں ہے۔
گھروں پر چھاپے، فاشزم کی مثال نہیں ملتی۔عمران خان
گفتگو کے دوران فیصل واؤڈا نے کہا کہ عمران خان کو پاکستان میں کسی سے ایک فیصد بھی جان کا خطرہ نہیں، یہ جو بار بار کہا گیا کہ یہ لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے ہیں تو غیر ملکی اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو معلوم نہیں کہ ان کے مشیر ان سے کیا کام کروا رہے ہیں۔
سابق وزیرِ آبی امور فیصل واؤڈا نے کہا کہ میں نے ہمیشہ کھل کر عمران خان سے کہا کہ فلاں بے ایمان یا بدعنوان ہے۔ عمران خان کو 2 قریبی سانپوں سے جان کا خطرہ ہوسکتا ہے۔ مجھے دور دور تک الیکشن ہوتے نظر نہیں آتے۔
پی ٹی آئی کے منحرف رہنما فیصل واؤڈا نے کہا کہ الیکشن ہوتے نظر نہ آنے کے باعث عمران خان کی طرف سے بھی کسی کو ٹکٹ نہیں دیا جارہا۔ تحریکِ انصاف میں مار دھار کبھی نہیں تھی، سارے رہنما اس چیز کے خلاف ہوا کرتے تھے۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ تحریکِ انصاف الطاف حسین کی دہشت گردی کے خلاف کھڑی ہوئی، آج ہم وہی کر رہے ہیں۔ تحریکِ انصاف کو بھی مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتوں کی طرح اسٹیبلشمنٹ ہی اقتدار میں لائی۔ اسپورٹ کے بغیر اقتدار میں آنا ناممکن ہے۔