افغان طالبان امیر نے سرکاری عہدوں میں اقربا پروری کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سرکاری عہدوں پر براجمان تمام حکام کے رشتہ داروں کی برطرفی کا حکم دے دیا۔
افغان وزارت اطلاعات کے مطابق افغان دار الامارہ سے جاری ایک حکم نامے کے مطابق تمام سرکاری اداروں اور وزارتوں میں حکام کی جانب سے اقربا پروری سختی سے ممنوع کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
حرم شریف کا صفائی کا تیز رفتار نظام، طواف میں خلل ڈالے بغیر 20 منٹ میں مکمل صفائی کیسے کی جاتی ہے؟
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حکام اپنے ماتحت اداروں میں اپنے رشتہ داروں اور تعلق داروں کے تقرر سے اجتناب کریں۔
حکم نامے کے مطابق امیرالمؤمنین شیخ ھِبۃ اللہ نے حکم جاری کیا ہے کہ زیرنظر حکم کے اجراء کے فوراً بعد تمام اداروں میں سربراہ ادارہ کے مقرر کردہ ایک یا ایک سے زائد صاحبزادوں کی تقرری منسوخ کی جاتی ہے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ حکام اپنے بیٹوں اور دیگر رشتہ داروں کی جگہ دوسرے افراد کا تقرر کریں۔
وزارتوں اور خود مختار محکموں کے تمام عہدیداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خاندانی اور ذاتی تعلقات کی بنیاد پر افراد کی خدمات حاصل کرنے سے گریز کریں۔
حکم میں کہا گیا ہے کہ امارت کے تمام اداروں کے ذمہ داران جن کے ایک یا ایک سے زیادہ بیٹے انہیں کے زیر سربراہی تعینات کیے گئے ہیں اس نوٹیفکیشن کے بعد ان کو عہدوں سے الگ کر کے ان کی جگہ دوسرے لوگوں کو تعینات کیا جائے۔