شہرِ قائد کی غریب آباد فرنیچر مارکیٹ میں بھیانک آتشزدگی کے نتیجے میں 45 دکانیں جل گئی ہیں۔ آگ لگنے سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب لیاقت آباد کے قریب غریب آباد فرنیچر مارکیٹ میں لگنے والی آگ نے درجنوں دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
وزیرستان میں آپریشن میں 5 دہشت گرد مارے گئے، آئی ایس پی آر
فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔ کچھ ہی وقت میں آگ پر کامیابی سے قابو پالیا گیا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ آگ نے 45دکانوں اور 2 گاڑیوں کو راکھ کا ڈھیر بنا دیا۔
دکانوں سے سامان نکالنے کے دوران 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ فائر بریگیڈ حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچنے میں دیر کردی جس کی وجہ سے گودام میں لگنے والی آگ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔
دوسری جانب فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ گودام میں کولنگ جاری ہے۔ آگ سے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ فرنیچر مارکیٹ کے اطراف کے اپارٹمنٹس کے رہائشی آگ لگنے کے باعث گھروں سے نکل آئے۔ واقعے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔