لاہور: چیئرمین تحریکِ انصاف و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھ ملک کے عوام ہیں، ہمیں بیساکھیوں کی ضرورت نہیں، ملک میں انتخابات کیلئے چوروں کے سوا سب سے مذاکرات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران عمران خان نے کہا کہ ہم ملک میں انتخابات چاہتے ہیں، جس کیلئے مذاکرات کریں گے۔ مجھ سے پوچھا گای کہ اسٹیبلشمنٹ بات کرے تو کیا کریں گے؟ میں نے کہا سب سے بات کروں گا۔
پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں سے سرمایہ کاری کم ہوئی۔ اسحاق ڈار
انٹرویو کے دوران عمران خان نے کہا کہ میں نے کبھی آرمی چیف یا شہباز شریف کو بات چیت کی دعوت نہیں دی۔ جس جماعت کے ساتھ ملک کے عوام ہوں، اسے بیساکھیاں نہیں چاہئیں۔ فوجی قیادت تبدیل ہونے سے ہمارے لیے کوئی فرق نہیں پڑا۔ جنرل باجوہ کے دور میں کیسز بنے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے سوچا تھا کہ نیا چیف آیا تو تبدیلی آئے گی تاہم تبدیلی کی بجائے سختیوں میں اضافہ ہوا۔ سپریم کورٹ نے 90 روز میں الیکشن کا حکم دیا، صدر کی جانب سے بھی اعلان ہوا تاہم انتخابی ریلی پر پولیس پہنچ جاتی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ہمارے لوگوں کو گرفتار کیا گیا۔ گاڑیاں توڑ دی گئیں۔ واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔ نگراں حکومت انتخابات کیسے روک سکتی ہے؟ ان کا کام ہی انتخابات کروانا ہے۔ اگر الیکشن ہونے ہیں تو انتخابی مہم اور ریلی کے بغیر کیسے ہوں گے؟