اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان کی خالی کی گئی قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا ہے جو 30 اپریل کو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے قومی اسمبلی کے انتخابات میں 7 نشستیں اپنے نام کی تھیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عمران خان کی خالی کردہ 6 نشستوں پر ضمنی الیکشن متعلقہ علاقوں میں 30 اپریل کو ہوگا۔
حکومت کی پی ٹی آئی کارکن کے مبینہ قتل پر تحقیقات کی ہدایت
این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 108 فیصل آباد، این اے 31 پشاور، این اے 24 چارسدہ اور این اے 22 مردان کے علاوہ این اے 239 کورنگی کراچی میں 30 اپریل کو ضمنی الیکشن کیلئے ووٹنگ ہوگی۔
گزشتہ برس 16 اکتوبر 2022 کو عمران خان نے ضمنی انتخابات کے دوران 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ این اے 45 کے ضمنی انتخاب میں بھی کامیابی عمران خان کے نام رہی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عدلیہ سے اظہارِ یکجہتی کی ریلی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ پی ٹی آئی نے گزشتہ روز اپنی انتخابی مہم کا آغاز لاہور میں عمران خان کی زیرقیادت ریلی کے ذریعے کرنا تھا۔
پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ کارکن پرامن طریقے سے واپس چلے جائیں۔قبل ازیں پنجاب پولیس نے دفعہ 144 کے نفاذ کیلئے پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کرلیا۔