کراچی: مسلم لیگ (ن) کے مستعفی رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نیب کو ملک کا بد عنوان ترین ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب ملکی بدحالی کے ذمہ دار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہرِ قائد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب بدعنوان ترین ادارہ ہے جسے ختم کیے بغیر حکومت چل نہیں سکے گی۔ 3 جمہوری حکومتیں گر گئیں، نیب ابھی تک قائم ہے۔
دہشت گردی انٹیلی جنس کی ناکامی ہے۔ شیریں مزاری
گفتگو کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب کے کرپٹ ترین ادارے کو ختم کرنا ہوگا، بصورتِ دیگر حکومت نہیں چلے گی جبکہ سرکاری اہلکار اختیارات استعمال کرنے سے گھبرا جاتے ہیں۔ ملکی بدحالی کی وجہ نیب کا ادارہ ہے۔
ن لیگ کے مستعفی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج عوام کا سوال ہے کہ ملک کے حالات ایسے کیوں ہیں؟ ظلم نیب نے کیا جس کے حقائق سامنے آنے چاہئیں۔ اس ادارے کو سیاسی انتقام کی غرض سے قائم کیا گیا تھا۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال عوامی سوالات کا جواب دیں۔ میں 23 سال سے نیب کو سمجھ رہا ہوں۔ سیاستدانوں اور صنعتکاروں کو نیب عدالتوں میں چکر کاٹنے پڑ رہے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب ملکی سیاست پر قبضے کی غرض سے قائم ہوا۔ جب تک جاوید اقبال کا احتساب نہیں ہوگا، معاملات آگے نہیں بڑھیں گے۔ میں نے 31 سال تک بغیر کسی عہدے کے پارٹی کیلئے کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے ن لیگ سے کوئی معاملات نہیں۔ نواز شریف میرے قائد ہیں۔ اگر ن لیگ چھوڑ دی تو سیدھا گھر جاؤں گا۔ ملکی حالات جس نہج پر پہنچ چکے ہیں، اس کے ذمہ دار ہم سب ہیں۔ نئی قیادت کو کام کا موقع دینا ہوگا۔