اسلام آباد: ملک میں حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح 34 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے جس کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.17 فیصد کا مزید اضافہ ہوا۔ حالیہ ہفتے کے دوران آلو 2 روپے 91 پیسے فی کلو مزید مہنگے ہوئے جبکہ زندہ مرغی کی قیمت میں 26 روپے 94 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا۔
باسمتی چاول 6 روپے 30 پیسے فی کلو، کیلے 8 روپے 82 پیسے فی درجن اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 103 روپے 87 پیسے مہنگا ہوا، اس کے علاوہ ڈھائی کلو والا گھی کا ڈبہ 35 روپے 68 پیسے، دال ماش 9 روپے 62 پیسے، لہسن 9 روپے 87 پیسے فی کلو، دال مونگ 6 روپے 4 پیسے، دال چنا 4 روپے 77 پیسے، ایک ہفتے میں دال مسور 3 روپے 39 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
آئی ایم ایف سے ڈیل کے تحت 170 ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگانا ہونگے، اسحاق ڈار
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے پیاز 24 روپے 27 پیسے فی کلو، ٹماٹر 3 روپے7 پیسے فی کلو سستے ہوئے جبکہ انڈے ایک ہفتے میں 10 روپے 21 پیسے فی درجن سستے ہوئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ کی قیتموں میں استحکام رہا۔