اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا ترکی کا دورہ ملتوی کردیا گیا ہے، جس کی وجہ ترک حکام کی زلزلہ زدگان کیلئے ریلیف آپریشن میں مصروفیت اور خراب موسم بتائی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا دورۂ ترکی ملتوی ہوگیا۔ وزیر اعظم کو بلاول بھٹو کے ہمراہ آج دورۂ ترکی کیلئے روانہ ہونا تھا۔
عمران خان کیخلاف کیس کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل
وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورۂ ترکی کی آئندہ تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جاسکتا ہے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اے پی سی بھی ہوگی۔
وزیر اعظم شہباز شریف 9 فروری کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کی صدارت کرنے والے تھے جس میں تمام اپوزیشن رہنماؤں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی جس میں پی ٹی آئی بھی شامل ہے۔
تاہم وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے آج ہونے والے دورۂ ترکی کے باعث اے پی سی ملتوی کردی گئی تھی، البتہ دورۂ ترکی ملتوی ہونے پر اے پی سی کی نئی تاریخ سامنے نہ آسکی۔
پیر کے روز ترکی میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہزاروں افراد جاں بحق، ہزاروں زخمی جبکہ لاکھوں بے گھر ہو گئے ہیں۔ بے شمار افراد تاحال بے یارومددگار ہیں جو ریسکیو اہلکاروں کی آمد اور عالمی امداد کے منتظر ہیں۔