اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کیلئے غلط پالیسی اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان کیلئے سابق حکومت کی خوشامدی پالیسی نے مسائل پیدا کیے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز عالمی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ طالبان کیلئے عمران خان حکومت کی خوشامدی پالیسی نے عوام کیلئے مسائل پیدا کیے، تاہم ہماری حکومت نے سابقہ طرزِ عمل کو اختتام تک پہنچایا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اسمبلی تحلیل کی سمری پر دستخط
انٹرویو کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حال ہی میں ملک کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا کہ ہم دہشت گرد گروہوں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کو برداشت نہیں کریں گے۔
نومبر کے دوران افغان طالبان کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدے کو یکطرفہ طور پر ختم کرنے کے بعد ٹی ٹی پی کے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ ٹی ٹی پی کا دعویٰ ہے کہ ان کے جنگجو اور حامی افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے۔
قبل ازیں بار بار پاکستان کی جانب سے افغانستان کی طالبان حکومت پر ٹی ٹی پی کو اپنی سرزمین میں پناہ دینے کا الزام عائد کیا گیا تاہم افغانستان اس الزام کی تردید کرتا رہا ہے۔ جنوری کے آغاز میں ٹی ٹی پی نے پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔