جنیوا: پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے جنیوا میں ہونے والی ریزیلینٹ بین الاقوامی کانفرنس میں مختلف ممالک اور مالیاتی اداروں کی جانب سے بڑی امداد کا اعلان کیا گیا۔
اسلامی ترقیاتی بینک گروپ کی جانب سے ریزیلینٹ بین الاقوامی کانفرنس میں سب سے بڑی امداد کا اعلان کیا گیا،جنہوں نے پاکستان کیلئے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر دینے کی حامی بھری، اسلامی ترقیاتی بینک یہ رقم 3 سال میں پاکستان کو فراہم کرے گا، اس کے بعد ورلڈ بینک کی جانب سے 2 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا گیا۔
پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے فرانسیسی صدر کی جانب سے بھی 10 ملین ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تباہی سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو فوری امداد کی ضرورت ہے، عالمی اداروں سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔
کانفرنس میں امریکا کی جانب سے 100 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا گیا، جاپان بھی مزید 77 ملین ڈالرامداد دے گا، یورپی یونین کی جانب سے بھی 93 ملین ڈالر کا اعلان ہوا ہے، جرمنی پاکستان کو مزید 89 ملین یورو فراہم کرے گا، چین کی طرف سے بھی سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مزید 10 کروڑ ڈالر گرانٹ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بڑے پیمانے پر امداد کا اعلان ہونے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی پر عالمی برادری کے شکر گزار ہیں، سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالرسے زائد کا نقصان ہوا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے جنیوا میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے بڑے چیلنج کا سامنا ہے، لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں، غیرمعمولی سیلاب سے پاکستان میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کے عوام اور انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا، سیلاب کے دوران 3 کروڑ سے زائد افراد بے گھر ہوئے۔
مزید پڑھیں:300,000 ٹن روسی گندم کراچی پہنچ گئی
متاثرہ افراد کی امداد و بحالی کیلئے بڑے سرمائے کی ضرورت ہے، دوست ممالک، عالمی اداروں نے سیلاب متاثرین کیلئے پاکستان کی معاونت کی، اسلامی ترقیاتی بینک نے سب سے زیادہ 4.2 ارب ڈالر امداد کا اعلان کیا۔