امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شہباز شریف، آصف زرداری اور عمران خان پاکستان کیلئے ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہے، شہباز شریف، آصف زرداری، عمران پاکستان میں ایٹم بم کی طرح گرے ہیں۔
انہوں نے ملک کا سب کچھ تباہ کر دیا ہے۔ لاہور میں کارکنوں اور شہریوں کے اعزاز میں دیئے گئے ناشتے کی تقریب سے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ ناگاساکی اور اور ہیروشیما پر امریکا نے ایٹم بم برسایا تھا، ناگا ساکی اور ہیروشیما دوبارہ آباد ہو گیا، ہماری تباہی اور بربادی ان کی وجہ سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
تحریک انصاف کو کمزور کرنے کیلئے پولیٹیکل انجینئرنگ کی جارہی ہے، عمران خان
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے ڈالر کی قیمت کم کرانے کا دعویٰ کیا تھا، ڈار صاحب ڈالر کو پھر پر لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ مرغی کی فیڈ بھی باہر سے منگوائی جا رہی ہے، مرغی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ایک وزیر کہتا ہے کہ مرغی نہ کھائیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکمرانوں نے پاکستان کو دنیا میں تماشا بنا دیا، ہزاروں بچے نشے کے عادی ہو گئے ہیں، جو نوجوان نشے کا عادی ہو جائے اس کی زندگی ختم ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر پانچواں شہری ڈپریشن کا شکار ہے، لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا ہے۔