فیصل آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کہتا ہے پہلے شرائط کو پورا کریں بعد میں مدد کریں گے، اس وقت ملک کافی مشکلات کا شکار ہے۔
وزیر داخلہ نے فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی بحران میں سب سے زیادہ عمل دخل آئی ایم ایف کا ہے، آئی ایم ایف کہہ رہا ہے پٹرول کی قیمتیں بڑھائیں اور سبسڈیز کو ختم کریں، آئی ایم ایف کی وجہ سے مہنگائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مہنگائی کو کم کرنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، آئی ایم ایف معاہدے کے حوالے سے لوگ مختلف قسم کی کہانیاں گھڑ رہے ہیں، دوسری طرف بے شرم شخص چاہتا ہے ملک ڈیفالٹ کر جائے۔آئی ایم ایف کہتا ہے پہلے شرائط کو پورا کریں بعد میں مدد کریں گے، معاہدے پرعمل کریں گے تو اشیا کی قیمتیں بڑھتی ہیں، پٹرول کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی بھی بڑھ جاتی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا، اس وقت کوئی نہیں کہہ رہا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کر رہا ہے، جب ملک ترقی کر رہا تھا تو اس بدبخت کو لانے کی کیا ضرورت تھی؟،
عمران خان کو لانے کیلئے ایسے کیسز بنائے گئے جو ثابت نہیں ہو سکے، ججز نے چھ پوائنٹ پر مریم نواز کو بری کیا پانچ پوائنٹ کا تعلق نواز شریف سے ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے مہنگائی ہو گئی، آئی ایم ایف سے معاہدہ تم نے کیا اور توڑ دیا، تم پوری قوم کو فساد کے حوالے کرنا چاہتے ہو، یہ ثابت کرے کہ اس کی آڈیوغلط ہے، تم اتنے بے شرم ہو تمہاری گھٹیا گفتگو کو بندہ تنہائی میں بھی نہیں سن سکتا، سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے، لوگوں کو اوئے، توئے کا کلچر سکھا رہے ہو۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان ایک ایسا فتنہ، فساد ہے اگر قوم پر مسلط ہو گیا تو یہ اس قوم کو کسی حادثے سے دوچار کر دے گا، قوم کو ووٹ کی طاقت سے اس کو مائنس کرنا چاہیے، بدقسمتی ہے بدبخت انسان مسلط ہوا۔عمران خان نے ساڑھے تین سال مخالفین کے خلاف جھوٹے کیسز بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا، اس کے نیتجے میں ملک کی اکانومی نیچے کی طرف گئی، وہ اپنے مخالفین کو گالیاں نکالتا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ کیا اس طرح ملک کی سیاست چل سکتی ہے،بے شرم شخص پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپگنڈا کر رہا ہے، یہ مسلسل جھوٹ بولتا ہے، اگر ملزم نوید نہ پکڑا جاتا تو یہ ایسی ہی کہانیاں بناتے۔یہ شخص پاگلوں والی گفتگو کرتا ہے، پروپگنڈے کو ایک منصوبے کے تحت ایک لیڈر کر رہا ہے، بدقسمتی سے ایسے شخص کو مسلط کیا گیا جواپنی ذات کے علاوہ کچھ نہیں دیکھتا، کہتا ہے مخالفین سے بات چیت نہیں کروں گا۔
مزید پڑھیں:عمران خان نے ملک کا نظریہ ہی بگاڑ ڈالا ہے، مفتی انتخاب احمد
وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولنے کا ماسٹرہے، کہتا ہے میں نے فیصل آباد میں بے شمار قتل کرائے، تم ساڑھے تین سال حکومت میں رہے، اگر میں نے بے شمار قتل کیے تو تمہیں ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ درج کرانے کی کیا ضرورت تھی۔ ملزم نوید کو ان کے اپنے بندے نے موقع پر پکڑ لیا، کہا جا رہا ہے کہ وہاں پر تین لوگ تھے، اب تین لوگ ڈال دیئے تاکہ وہ لوگ ہی نہ ملیں، فوج کے اعلیٰ افسر کے خلاف بھی جھوٹا پروپگنڈا کیا جا رہا ہے۔