اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم ناروے سے تجارت سمیت دیگر شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ ناروے کو پاکستانی پھل اور سبزیاں برآمد کی جاسکتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ناروے میں پاکستان کی نامزد سفیر سعدیہ الطاف قاضی سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ تجارت، کاروبار، سرمایہ کاری اور سبز توانائی سمیت دیگر شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دے گا۔
ایم کیو ایم دھڑوں میں اتحاد کے الیکٹرک مافیا کروا رہی ہے، حافظ نعیم
گفتگو کے دوران صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کو تعلیم، ہنرمندوں کی خدمات، دفاع، پاکستانی پھلوں اور سبزیوں کی ناروے کو برآمدات کے شعبہ جات میں تعاون کی ضرورت ہے جبکہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت 120 ملین ڈالر سے زائد ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ ناروے اور پاکستان کے مابین دو طرفہ تجارت کو موجودہ حجم 12 کروڑ 80 لاکھ ڈالر سے بڑھانے کی ضرورت ہے، جو دونوں ممالک کی حقیقی صلاحیت کی نمائندگی نہیں کرتا۔ نامزد پاکستانی سفیر یورپین فری ٹریڈ یونین ایسوسی ایشن سے پاکستان کے آزاد تجارتی معاہدے کیلئے کام کریں۔
خیال رہے کہ یورپی یونین کا نمائندہ ہونے کی حیثیت سے ناروے یورپین فری ٹریڈ یونین ایسوسی ایشن کے ساتھ پاکستان کے آزاد تجارتی معاہدے کو تیزی سے پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں پاکستان کی حمایت کرسکتا ہے، جس کیلئے سفارتی سطح پر کاوشوں کی ضرورت ہے۔